معروف اداکار

نامور و باکمال اداکار قاضی واجد کی تیسری برسی

کراچی (پاک صحافت)  معروف اداکار قاضی واجد کی آج تیسری برسی منائی جارہی ہے، قاضی واجد و نامور فنکار تھے جنہوں نے  صرف ریڈیو اور ٹیلی ویژن ہی نہیں  بلکہ فلم اور تھیٹر پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو سے کیا جہاں‌ بچّوں کے پروگرام سے اپنی فن کارانہ صلاحیتوں‌ کا اظہار کرنے کے بعد اسی میڈیم پر نشر کیے جانے والے ڈراموں میں متعدد کردار نبھائے اور شہرت حاصل کی۔ جب 60 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو قاضی واجد اس سے منسلک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق معروف اداکار قاضی واجد 11 فروری 2018ء کو اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے تھے۔ آج ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے اس نام وَر اور باکمال فن کار کی برسی منائی جارہی ہے۔ زندگی کی 88 بہاریں دیکھنے والے قاضی واجد دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال کرگئے تھے۔ 1969ء میں ٹیلی ویژن کی تاریخ کا مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’خدا کی بستی‘ شروع ہوا تو اس میں قاضی واجد نے راجہ نامی بدمعاش کا کردار ادا کیا جس نے انھیں‌ ملک گیر شہرت دی۔

واضح  رہے کہ قاضی واجد نے ٹیلی ویژن پر کئی ڈراموں میں‌ مختلف قسم کے کردار ادا کیے، لیکن ان کے حصّے میں زیادہ تر منفی کردار آئے۔ سنجیدہ کرداروں کے ساتھ قاضی واجد نے بعض ڈراموں میں‌ مزاحیہ رول بھی ادا کیے۔ ڈراما ‘دھوپ کنارے،’ ‘تنہائیاں، ’حوّا کی بیٹی،‘ ‘خدا کی بستی’ اور ‘انار کلی’ میں انھوں نے بے مثال اور لاجواب اداکاری سے ناظرین کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ پاکستان بھر میں ان کی شخصیت اور فن کے مداح و معترف موجود ہیں جن کے دلوں میں ان کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔یاد  رہے کہ 1988 میں قاضی واجد کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

نازش جہانگیر نے بابر اعظم سے متعلق بیان والا اسکرین شاٹ جعلی قرار دے دیا

(پاک صحافت) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنے سے منسوب قومی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے