کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین ایک روزہ سیریز کو منسوخ کردیا گیا

کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین ایک روزہ سیریز کو منسوخ کردیا گیا

انگلینڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کو کیپ ٹاؤن میں بائیو سیکیور کی خلاف ورزی اور مزید کھلاڑیوں کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد منسوخ کردیا گیا، اسکائی اسپورٹس کی رپورٹ کے مطابق سیریز کو کورونا کیسز کے بعد ختم کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ کے دورے پر موجود انگلینڈ کی ٹیم کے 2، جنوبی افریقہ کے ایک کھلاڑی اور ہوٹل کے دو ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد دورے کی منسوخی کا خدشہ پیدا ہوا تھا۔

سیریز کا پہلا ون ڈے میچ دراصل جمعہ کو شیڈول تھا لیکن جنوبی افریقی ٹیم کے ایک رکن کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ کو اتوار تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام کے باعث جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کو مالی طور پر بڑا نقصان ہوگا جبکہ مستقبل میں مزید سیریز کی میزبانی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ اگلے چند ماہ کے دوران سری لنکا، پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں سیریز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی ہیں۔

ہفتے کو جنوبی افریقہ کا ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آگئے تھے جس کے بعد اتوار کو میچ کے انعقاد کے امکانات روشن ہو گئے تھے لیکن انتظامیہ کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب انہیں 2 انگلش کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی گئی۔

کرکٹ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ دورے پر آئی انگلش ٹیم کے دو اراکین وائرس کا شکار ہو گئے ہیں البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وائرس کا شکار ہونے والے 2 افراد کھلاڑی ہیں یا ان کا تعلق سپورٹ اسٹاف سے ہے۔

دونوں ملکوں کی کھیل کی گورننگ باڈیز نے کہا کہ کرکٹ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے افتتاحی میچ منسوخ کرنے پر اتفاق کیا ہے جو پارل میں منعقد ہونا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سیریز کے بقیہ دونوں میچوں کے انعقاد کا فیصلہ آزادانہ بنیادوں پر ٹیسٹ کے نتائج کی جانچ کے بعد کیا جائے گا۔

انگلش کرکٹ ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز نے کہا کہ ہمیں پہلا ون ڈے میچ نہ کھیلنے پر بہت افسوس ہے لیکن کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی فلاح ہماری بنیادی ذمے داری ہے۔

سابق انگلش کپتان اور سیریز میں کمنٹیٹر کے فرائض انجام دینے والے مائیکل ایتھرٹن نے خدشہ ظاہر کیا کہ اب پوری سیریز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹ جنوبی افریقہ کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں اور ان کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں تاکہ یہ پتا چلا سکیں کہ ہم کس طرح بہترین انداز میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

ایتھرٹن نے کہا کہ نئے مثبت کیسز کے بعد انگلش کھلاڑیوں کے تحفظات درست ثابت ہوگئے، جس کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پہلے ون ڈے میچ کے التوا کے بعد کیا تھا۔

یاد رہے کہ ون ڈے سیریز خطرات سے دوچار ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی گئی جو باآسانی منطقی انجام تک پہنچی۔

مائیکل ایتھرٹن نے مزید کہا کہ یہ میچ تو منسوخ ہو گیا جبکہ بقیہ دونوں میچوں کے حوالے سے بھی مجھے کچھ اچھی توقعات نہیں، سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج کھیلا جانا تھا جبکہ تیسرا ون ڈے میچ بدھ کو شیڈول ہے۔

اتوار کے دن کے آغاز میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ میچ التوا کا شکار ہوسکتا ہے کیونکہ انگلش ٹیم کے ٹیسٹ کے نتائج اب تک نہیں آئے اور نتائج آنے کے بعد ہی میچ شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

البتہ میچ کی نشریات شروع ہونے کے ساتھ ہی کمنٹیٹر مارک نکولس نے انکشاف کیا کہ انہیں خبر موصول ہوئی ہے کہ میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ نے کہا کہ دورے کو کامیاب بنانے اور میچ کے انعقاد پر جتنی محنت توانائی اور کوششیں صرف ہوئیں، اس کو دیکھتے ہوئے میچ کے منسوخ ہونے پر بہت افسوس ہے۔

جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بعدازاں جاری بیان میں کہا گیا کہ پیر کو شیڈول دوسرا ون ڈے میچ اب منعقد نہیں ہو گا اور میچ کے لیے تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان

وزیر اعظم پاکستان نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا

پاک صحافت اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے قائم مقام …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے