اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور بگوڑے نیازی کے ایڈوائس پر عمل کرنا غیر آئینی ہے۔ حساب دینا پڑے گا۔ حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ صدر ہاؤس میں بیٹھا شخص آئین کا نہیں بنی گالہ کا وفادارہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے صدرِ پاکستان عارف علوی کے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھنے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر عارف علوی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو نگران وزیر اعظم کی تقرری پر مشاورتی مراسلہ مذاق ہے۔ آئین شکن صدر کی جانب سے ایک غدار اپوزیشن لیڈر کو خط لکھنا مذاق نہیں تو کیا ہے؟
واضح رہے کہ پی ڈی ایم ترجمان نے مزید کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے غیر آئینی رولنگ کے تحت اپوزیشن لیڈر کو غدار قرار دینے کی کوشش کی، عارف علوی نے غیر آئینی رولنگ کے تحت عمران نیازی کے ایڈوائس پر اسمبلی توڑ دی۔ اس آئین شکنی میں ڈپٹی اسپیکر اور وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ صدر مملکت بھی شریک جرم ہے، صدر اور عمران نیازی کے کرتوتوں کے مطابق تو اپوزیشن لیڈر غدار ہے۔