کوئٹہ (پاک صحافت) حکومت اور کوئٹہ مظاہرین کے مابین کافی دنوں سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا اور آخرکار مذاکرات میں کامیابی ہو ئی ہے۔ لواحقین نے میتوں کی تدفین کی اجازت دے دی ہے۔معاہدے کو تحریری شکل دی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے مطابق کوئٹہ مظاہرین اور حکومت کے درمیان میتوں کی تدفین پر معاملات طے پا گئے ہیں جس کے بعد شہداء کے لواحقین نے میتوں کی تدفین پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔ جبکہ دیگر مطالبات پر بات چیت جاری ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت مچھ سانحہ کے متاثرین کی مالی امدادکرے گی:وفاقی کابینہ
واضح رہے کہ قریبی رفقاء نے عمران خان کو کوئٹہ جانے پر مجبور کردیا ہے، وزیراعظم عمران خان کسی بھی وقت کوئٹہ روانہ ہو سکتے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مذاکراتی ٹیم کو لواحقین اور مظاہرین کو قائل کرنے کی ہدایت کردی ہے، وزیراعظم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ جلد از جلد مظاہرین کو آمادہ کریں کہ وہ میتوں کی تدفین کر دیں۔
اس حوالے سے حکومت نے جید علماء سے معاملہ خوش اسلوبی سے حل کروانے کے لیے مدد مانگ لی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور وفاقی وزیر علی زیدی دھرنے کے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں خصوصی مذاکراتی ٹیم اور دھرنا منتظمین کے درمیان بات چیت شروع ہو چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میتوں کی تدفین پر آمادگی کے اعلان کے ساتھ ہی وزیراعظم کوئٹہ کے لیے نکل جائیں گے۔نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کا طیارہ بھی نور خان ایئربیس پرتیار کھڑا ہے، مظاہرین کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد وزیراعظم کوئٹہ روانہ ہوں گے۔