کراچی (پاک صحافت) مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ عمران خان کرپشن، نااہلی اور نالائقی ماضی کی حکومتوں پر ڈال کر حقائق کو نہیں چھپا سکتے، پی ٹی آئی کی کا گھناونا چہرہ اب بے نقاب ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ جب ہم حکومت چھوڑ کر گئے تھے تب پاکستان خود کفیل تھا اناج میں، ہم گیہوں بھی پورا پیدا کر لیتے تھے بلکہ ایکسپورٹ کرتے تھے، ہم چینی بھی پوری پیدا کر لیتے تھے اور ایکسپورٹ کرتے تھے۔ آج اِن چیزوں کو ہمیں ملک میں امپورٹ کرنا پڑ رہا ہے۔ اس میں بھی وہ ن لیگ کی غلطی نکالتے ہیں۔ اب یہ خود فرماتے ہیں کہ 470 ارب روپے کرایہ دینا ہوتا تھا اور آج یہ کہتے ہیں کہ 700 ارب روپے دینا پڑ رہا ہے، اس لئے یہ ن لیگ کا قصور ہے۔
رہنما ن لیگ مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ہر طرف تباہی مچائی ہے۔ چاہے وہ کپاس کی کم ترین 30 سال کی پیدا وار ہو، چاہے وہ گندم کی پریشانی ہو، سمگلنگ ہو، چاہئے چینی مافیا کے سامنے ہتھیار ڈالنا ہو، چاہے ادویات مہنگی ہوں۔ کہاں اور کس شعبے میں عمران خان نے ہاتھ ڈال کے تباہی نہیں مچائی؟ اس شعبے کا مجھے نام بتادیں۔ پی ٹی آئی کے دور میں تو ملک فوڈ سکیورٹی کے خطرات سے دوچار ہے۔