کراچی (پاک صحافت) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم، پہلے روز ہی پاکستانی اسپنرز کا جادو چل گیا، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 220 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈین ایلگر نے 58، جارج لنڈے نے 35، ڈوپلیسی نے 23 اور رباڈا نے ناٹ آؤٹ 21 رنز بنائے۔ خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین، ڈیبیو کرنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو جبکہ کم بیک کرنے والے حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب پہلے روز مہمان ٹیم کو 220رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد میزبان ٹیم نے کھیل کے اختتام پر 33 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں،اس طرح پاکستان کو حریف ٹیم کی سبقت ختم کرنے کے لیے 187 رنز درکار اور اس کی 6 وکٹیں محفوظ ہیں۔ دونوں اوپنر صرف15 رنز کے اسکور پر پولین لوٹ گئے۔ اوپنر عابد علی نیوزی لینڈ میں ناکامی کا سفر جاری رکھااور جنوبی افریقہ کے خلاف صرف4 رنز بناکر روباڈا کی گیند پر بولڈ ہوگئے،5 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد ڈبیو کرنے والے عمران بٹ بھی صرف9 رنز بناکر روباڈا کا شکار بننے، انہیں متبادل پیٹرسن نے کیچ آﺅٹ کیا۔
واضح رہے کہ 26 رنز پر پاکستان کی امیدوں کا مرکز کپتان بابراعظم بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے،وہ 7 رنز بناکرکیشومہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،پاکستان کو چوتھا نقصان 27 رنز پر نائٹ واچ کی حیثیت سے آنے والے شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ کھو کر ہوا،وہ کوئی رن بنائے بغیر نارٹج کی گیند پر بولڈ ہوئے،اظہر علی 5 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں۔ یاد رہے کہ ونوں ٹیمیں کراچی میں اس سے قبل آخری بار 2007 میں مدمقابل آئی تھیں جس میں مہمان ٹیم 160 رنز سے سرخرو ہوئی تھی جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں ہوا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔