سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔
ذرائع احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو کورونا وائرس کے باعث انتقال کر جانے کی تصدیق کی ہے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ارشد ملک کورونا کے علاج کے لیے نجی اسپتال میں داخل تھے۔
یاد رہے کہ جج ارشد ملک نے سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نوازشریف کو 24 دسمبر 2018ء کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کر دیا تھا۔
6 جولائی 2019ء کو نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز ایک مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ سامنے لائی تھیں جس کے مطابق جج ارشد ملک نے دباؤ میں آکر یہ سزا سنائی تھی تاہم جج ارشد ملک نے اس کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو کو جعلی قرار دیا تھا۔
مریم نواز نے یہ مطالبہ بھی کیا تھاکہ چونکہ جج نے ویڈیو میں خود اعتراف کر لیا ہے لہٰذا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا کو کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کیا جائے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بعد ازاں اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ارشد ملک کو احتساب عدالت کےجج کے عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا تھا، عدالتِ عظمیٰ نے اس معاملے پر تفصیلی فیصلہ بھی جاری کیا تھا۔
بعد میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کی جانب سے اس معاملے پر 7 رکنی انتظامی کمیٹی قائم کی گئی تھی جس نے انکوائری رپورٹ میں مس کنڈکٹ ثابت ہونے پر ارشد ملک کو ملازمت سے برطرف کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز میں پھر تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ ماہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 260 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 51 ہزار 507 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 395 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار 305 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔