یوم عاشور

امام حسین ؑ اور ان کے اصحاب کی عظیم قربانی، ملک بھر میں یوم عاشورکا جلوس برآمد، ہر طرف یاحسین کی صدائیں

کراچی  (پاک صحافت) نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؑ اور ان کے اصحاب کی عظیم قربانی کی یاد  میں آج یوم عاشور منایا جارہا ہے، یوم عاشور کے موقعے پر ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں جلوس اور تعزیے برآمد کیئے جا رہے ہیں۔ علمائے کرام اور ذاکرین کی جانب سے مجالس میں شہدائے کربلا کی قربانیوں کو یاد کیا جا رہا ہے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ ملک کے کئی شہروں میں سکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس بند ہے جبکہ سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں یومِ عاشور کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا، جو اپنے مقرر کردہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہو گا۔جلوس سے قبل مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے اور واقعہ کربلا میں امام حسین اور ان کے رفقا کی قربانی کی یاد تازہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جلوس کے شرکاء تبت سینٹر پر علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی اقتدا میں نماز ظہرین ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ لاہور میں نثار حویلی اندرونِ موچی گیٹ سے برآمد ہونے والا یومِ عاشور کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علمدارروڈ سے برآمد ہوگا، جبکہ راولپنڈی میں مرکزی جلوس تیلی محلہ امام بارگاہ عاشق حسین سے صبح 11 بجے برآمد ہو گا۔اس کے علاوہ پشاور، سکھر اور گلگت بلتستان سمیت ملک تمام چھوٹے بڑے شہروں  میں جلوس نکالے جار ہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

آصف زرداری

کسی صورت زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دوں گا۔ صدر آصف زرداری

کراچی (پاک صحافت) صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ کسی صورت زمینوں پر قبضے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے