فواد چوہدری

فواد چوہدری نے پیپلز پارٹی کی سینیٹ الیکشن میں ممکنہ جیت کی صورت بتادی

اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سینیٹ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ممکنہ جیت والی صورت سے متعلق کہا کہ پی پی کی جیت صرف تب ممکن ہے جب وہ  دوسری جماعتوں کے ممبران خریدیں، فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہی روایات کو جاری رکھنے کےلیے پیپلز پارٹی اوپن ووٹنگ کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پیپلز پارٹی خفیہ ووٹنگ پر زور دیتی ہے، سپریم کورٹ اس بیان کو اپنے ریکارڈ کا حصہ بنائے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے دیئے گئے بیان پر اپنا ردعمل پیش کیا،  انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کہہ رہے ہیں ہم سندھ سے 10 نشستیں جیتیں گے۔ یہ صرف تب ممکن ہے جب آپ دوسری جماعتوں کے ممبران خریدیں، یہی روایات کو جاری رکھنے کےلیے پیپلز پارٹی اوپن ووٹنگ کی مخالفت کرتی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے جبکہ شکست کے خوف سے اپوزیشن اوپن بیلٹنگ کی مخالفت کررہی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ اپنے بیان میں اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اورکہا کہ  اپوزیشن کو سینیٹ الیکشن میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے، شکست کے خوف سے اپوزیشن اوپن بیلٹنگ کی مخالفت کررہی ہیں اور ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن شفاف کرانے پر اپوزیشن کا احتجاج سمجھ سے باہر ہے، اپوزیشن پرانا پاکستان چاہتی ہے جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں

آج جسٹس بابر ستار نے بہت اچھا کام کیا ہے، اعتزاز احسن

اسلام آباد (پاک صحافت) آڈیو لیکس کیس میں عدالتی معاون اعتزاز احسن نے کہا ہے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے