کراچی (پاک صحافت) پولیس اور ریسکیو حکام نے بتایا کہ ہفتے کے روز کراچی کے سندھ انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ اسٹیٹ (ایس آئی ٹی ای) کے علاقے میں گودام میں لگنے والی آگ میں متعدد زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔فائر بریگیڈ نے بتایا کہ آگ صبح 9 بجے کے بعد ہی شروع ہوئی تھی لیکن شام 3 بجے تک اس پر قابو پالیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آگ کے بجھانے میں مجموعی طور پر 14 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) زوار حسین نے بتایا کہ واقعے میں تین منزلہ عمارت بری طرح تباہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گودام انتظامیہ کی ممکنہ غفلت سے متعلق کسی بھی قسم کی کارروائی حتمی رپورٹ کی روشنی میں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: حکومت کی پہلی ذمہ داری شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے:بلاول بھٹو
اس سے قبل عہدیدار نے کہا تھا کہ صبح ہارون آباد میں واقع ایک سلنڈر گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اصغر محمود نے بتایا کہ آگ میں زخمی ہونے والے تین افراد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ادھر ایک ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے آگ لگنے کا نوٹس لیا ہے۔
ترجمان نے بتایا ’’وزیراعلیٰ نے کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لائق احمد کو فون کیا اور ہدایت کی کہ فوری طور پر آگ پر قابو پالیا جائے‘‘۔گذشتہ سال ، کراچی کی مہاجر کالونی میں تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے کے بعد چار افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے تھے۔
کراچی پاکستان کا تجارتی مرکز ہے جہاں اس طرح کے واقعات رونماا ہوتے رہتے ہیں اور ان سے قابو پانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔یہ گنجان آبادی والا شہر ہے ۔عموماًسردیوں کے موسم میں اس طرح کے واقعات رونماہوتے ہیں کیونکہ لوگ سردی سے بچنے کیلئے بجلی ہیٹروں اورگرمی پیدا کرنے والے دیگر ذرائع کا استعمال کرتے ہیں۔