اسلام آباد (پاک صحافت) شاہد خاقان عباسی نے نیب آرڈیننس کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک کو تباہی و بربادی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس کا مقصد حکومت کی کرپشن چھپانے اور ایک ایسے چیئرمین کی مدت ملازمت کو توسیع دینے کے لئے ہیں جس کے ہر عمل پر یہ مہر ثبت ہو چکی ہے کہ وہ پاکستان کے لئے نہیں، احتساب کیلئے نہیں بلکہ عمران خان کی نوکری کرتا ہے۔
رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ اس آرڈیننس میں حکومت نے خود کو این آر او دیا ہے یعنی حکومت کے جو فیصلے ہیں ان پر کوئی پوچھ گچھ نہیں ہو سکتی، کابینہ نے جو چینی کی چوری کی ہے اور جو گندم میں چوری ہو چکی ہے اس پر نیب کچھ نہیں کرسکتا۔ آرڈیننس لانے کا مقصد یہ بھی ہے کہ پنڈورا لیکس میں جن وزرا کے نام آئے ہیں ان سے بھی نیب سوال نہیں کر سکتا۔