لندن (پاک صحافت) ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کو آگ لگانے والے دہشتگردوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بات چیت کی اپیل پر نواز شریف کا موقف سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی یادگاروں کو جلانے والے تخریب کاروں سے بات نہیں ہوگی۔
سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کا مزید کہنا ہے کہ بات چیت صرف سیاستدانوں سے کی جاتی ہے، ملک کو آگ لگانے والے دہشتگردوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے فوری طور پر بات چیت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مذاکرات کے لیے 7 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔
جس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر اور حلیم عادل شیخ شامل ہیں۔ عون عباسی بپی، مراد سعید اور حماد اظہر بھی پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔