اسلام آباد (پاک صحافت) عیدالفطر (شوال) کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، زونل کمیٹیوں کے اجلاس ملک بھر کے مقررہ مقامات پر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج وزارت مذہبی امور کی بلڈنگ میں ہوگا، ملک بھر میں عید کا چاند نظر آنے کا امکان بہت کم ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں مطلع ابر آلود رہنے کے باعث آج شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔ خیال رہے کہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عیدالفطر 22 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگی۔
واضح رہے کہ شوال کے چاند کے حوالے سے محکمۂ موسمیات کی جانب سے پشاور سمیت خیبر پختون خوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آج 20 اپریل کو سورج گرہن ہے، جس کے باعث مختلف ممالک میں نیا چاند نظر نہیں آئے گا۔