اسلام آباد (پاک صحافت) رضا ربانی کا کہنا ہے کہ بجٹ آئی ایم ایف کا ہے جس میں محنت کش طبقوں کو محروم کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت نے محدود مالیاتی اسپیس کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف سے معذرت کی ہے، حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبے کو ریلیف فراہم کرنے میں بھی بے بسی ظاہر کی۔
رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں غربت سے نمٹنے کی کوئی بات نہیں کی، طاقت ور افراد کی فہرست ظاہر نہیں کی جنہیں ٹیکس سے استثنی حاصل ہے اور وہ مقدس گائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت محنت کش طبقے کی بجائے حکمراں اشرافیہ کو تحفظ دے رہی ہے، پی آئی اے اور ایئرپورٹ جیسے اسٹریٹیجک اثاثوں کی نجکاری غیرآئینی ہے، مشترکہ مفادات کونسل سے اس نجکاری کی منظوری نہیں لی گئی۔