بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کا قتل کیا ہے: نیشنل کانفرنس

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کا قتل کیا ہے: نیشنل کانفرنس

سرینگر (پاک صحافت) مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے کہا ہے کہ موجودہ بھارتی حکومت نے کشمیر کو خصوصی حیثیت سے محروم کرکے جمہوریت کی دھجیاں اڑائی ہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر مصطفی کمال نے سرینگر میں پارٹی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے تقریر کے دوران کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا یہ بیان کہ جموںوکشمیر میں امن قائم ہے سراسر جھوٹ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کو فوجی چھائونی اور نوآبادتی کالونی میں تبدیل کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایک طرف یوم جمہوریہ کی تقریبات منائی جا رہی ہیں جبکہ دوسری طرف جموںوکشمیر اور لداخ کے لوگوں کو جمہوری حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جموں وکشمیر کو دفعہ 370 اور 35اے سے محروم کر کے جمہوریت کا قتل کیا ہے، مصطفی کمال نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کو چاہیے کہ وہ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن بحال کرے جسے طاقت کے بل پر چھینا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر مصطفٰی کمال نے کہا تھا کہ بھارتی حکومت نے دفعہ 370 اور 35 اے سے متعلق بھارتی عوام کو گمراہ کیا اور اس بات کے دعوے کئے گئے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خاتمے کے ساتھ ہی یہاں امن قائم ہوگا اور یہاں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، لیکن زمینی صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے نئی دہلی نے ناانصافی کی تمام حدیں پار کرکے جموں و کشمیر کے عوام کو غیر آئینی طور پر اپنے حقوق سے محروم کردیا ہے تب سے لیکر آج تک ہر گزرتے دن کے ساتھ حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئے روز پڑھے لکھے نوجوان عسکریت پسندی کی طرف راغب ہورہے ہیں، آئے روز معرکہ آرائیاں ہورہی ہیں، آئے روز انسانی جانوں کا اتلاف ہورہا ہے، آئے روز بے گناہ اور معصوم لوگ مر رہے ہیں، آئے روز کسی نہ کسی گھر کا چراغ گُل ہورہا ہے اور بھارتی حکومت اس زمینی صورتحال کی طر ف آنکھیں موند کر بیٹھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوگئیں ہیں، پینے کے پانی کی قلت سے ہاہاکار مچی ہوئی ہے، گرما میں بھی صارفین کو بجلی کی معقول سپلائی نہیں ہورہی ہے، بے روزگاری عروج پر ہے، تعمیر و ترقی کا فقدان ہے، انتظامیہ کا کہیں نام و نشان نہیں، اقتصادی بدحالی نے عوام کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت جھوٹے پروپیگنڈا کے ذریعے اپنے نااہل اور غیر دانشمندانہ فیصلوں کو صحیح قرار دینے میں لگی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

بنلسون

نیلسن منڈیلا کا پوتا: فلسطینیوں کی مرضی ہماری تحریک ہے

پاک صحافت جنوبی افریقہ کے سابق رہنما نیلسن منڈیلا کے پوتے نے کہا ہے کہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے