علی ظفر

نوجوان گلوکار علی ظفر کا جیل میں قید خواتین کی مدد کا اعلان

کراچی  (پاک صحافت) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر نوجوان گلوکار علی ظفرنے جیل میں قید بے گناہ خواتین کی مدد کا اعلان کر دیا ہے،  انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کیا ہے۔  انہوں نے اپنے ٹوئٹ  بیان میں کہا کہ آج خواتین کے دن پر عہد کرتا ہوں کہ اپنی عاجزانہ صلاحیت کے مطابق ان کو انصاف دلانے کیلئے بھرپور کوشش کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے آج خواتین کے عالمی دن پرجیلوں میں قید بے گناہ اورغریب خواتین کی مدد کا اعلان کیا ہے۔ گلوکار نے کہا کہ قانونی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے بے شمار بے گناہ خواتین برسوں سے جیل میں قید ہیں، آج خواتین کے دن پر عہد کرتا ہوں کہ اپنی عاجزانہ صلاحیت کے مطابق ان کو انصاف دلانے کیلئے بھرپور کوشش کروں گا۔

واضح رہے کہ  نوجوان گلوکار علی ظفر نے کہا کہ ان خواتین کو انصاف حاصل کرنے کے درکار قانونی مدد حاصل کرنے کے لئے اپنی پوری کوشش کروں گا۔  علی ظفرنے لوگوں کو بھی اس نیک کام میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میرا ساتھ دیں، ہم مل کر اور بھی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا اور انہیں سراہنا ہے۔

 اس دن کا آغاز آج سے 103 سال قبل سنہ 1908 میں ہوا جب نیویارک کی سڑکوں پر 15 سو خواتین مختصر اوقات کار، بہتر اجرت اور ووٹنگ کے حق کے مطالبات منوانے کے لیے مارچ کرنے نکلیں۔ان کے خلاف نہ صرف گھڑ سوار دستوں نے کارروائی کی بلکہ ان پر تشدد بھی کیا گیا اور ان میں سے بہت سی خواتین کو گرفتار کیا گیا۔

سنہ 1909 میں سوشلسٹ پارٹی آف امریکا نے خواتین کا دن منانے کی قرارداد منظور کی اور پہلی بار اسی سال 28 فروری کو امریکا بھر میں خواتین کا دن منایا گیا اور اس کے بعد سنہ 1913 تک ہر سال فروری کے آخری اتوار کو یہ دن منایا جاتا رہا۔  یاد رہے کہ  فروری سنہ 1913 میں پہلی بار روس میں خواتین نے عالمی دن منایا تاہم اسی سال اس دن کے لیے 8 مارچ کی تاریخ مخصوص کر دی گئی اور تب ہی سے دنیا بھر میں 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

عامر خان

فلم دنگل کی شوٹنگ کے دوران نمستے کی طاقت کا اندازہ ہوا، عامر خان

(پاک صحافت) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ 2016ء میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے