پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر کون ہے جانیئے اس رپورٹ میں؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر کون ہے جانیئے اس رپورٹ میں؟

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سابق کرکٹر محمد وسیم کو چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے، محمد وسیم اور سلیم یوسف دونوں کا تقرر تین سال کے لیے کیا گیا ہے اور یہ دونوں ورلڈ کپ 2023 تک اپنی ذمے داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

محمد وسیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کے دورے پر آنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم منتخب کرنے کے ساتھ اپنے کام کا آغاز کریں گے، 43سالہ محمد وسیم ان دنوں قائد اعظم ٹرافی میں ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی کوچنگ کررہے ہیں اور وہ قائد اعظم ٹرافی کے بعد عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔

پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے ہیڈ کوچز ہی سلیکشن پینل میں شامل رہیں گے۔

محمد وسیم جیسے ہی چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا عہدہ سنبھالیں گے، اس کے ساتھ ہی ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے نئے کوچ کا تقرر کردیا جائے گا۔

محمد وسیم نے چیف سلیکٹر بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور وہ نئے کردار میں بہترین کام کے لیے پرامید ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2021 میں پاکستان کو بہت زیادی کرکٹ کھیلنی ہے اور وہ قلیل المدتی کے ساتھ ساتھ طویل المدتی اہداف بھی بنائیں گے، محمد وسیم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ بطور چیف سلیکٹر سخت فیصلے کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

دوسری جانب کرکٹ کمیٹی کے نئے سربراہ سلیم یوسف نے آخری مرتبہ بطور رکن سلیکشن کمیٹی پی سی بی کے ساتھ کام کیا تھا اور وہ 2013 سے 2015 تک قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہے۔

سلیم یوسف اب کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گے اور ان کے پینل میں علی نقوی( میچ آفیشلز کے نمائندہ)، عمر گل ( ڈومیسٹک کرکٹرز کے نمائندہ)، عروج ممتاز (خواتین کرکٹرز کی نمائندہ)، وسیم اکرم (سابق کرکٹر اور میڈیا کے نمائندہ) شامل ہیں۔

کرکٹ کمیٹی کی ذمہ داری چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو کرکٹ کے امور پر تجاویز پیش کرنا ہے مگر یہ تجاویز صرف قومی کرکٹ کی کارکردگی، مینجمنٹ، ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر، ہائی پرفارمنس سینٹر یا پلیئنگ کنڈیشنز تک محدود نہیں رہیں گی۔

کرکٹ کمیٹی کے نئے سربراہ سلیم یوسف نے کہا کہ نامور اور کرکٹ کا وسیع علم رکھنے والے افراد پر مشتمل کرکٹ کمیٹی کی سربراہی کرنا اعزاز کی بات ہو گی اور ان کا کام بہترین سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو پیش کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کی مدد سے اس نئے کردار میں پاکستان کرکٹ کی خدمت کے منتظر ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ دو بہترین افراد کی چیئرمین سلیکشن کمیٹی اور کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے تقرری پر وہ بہت مسرور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد وسیم اور سلیم یوسف کے پاس کرکٹ کا وسیع علم موجود ہے اور یہ دونوں سابق کرکٹرز پی سی بی کی پانچ سالہ اسٹریٹجی کے عین مطابق کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محمد وسیم کا تقرر ہماری اس پالیسی کا نتیجہ بھی ہے کہ جس کے تحت ہم اپنے باصلاحیت کرکٹرز کو گروم کرنا چاہتے ہیں، محمد وسیم اس سے قبل میچ ریفری، سلیکٹر اور کوچ کی حیثیت سے کام کرتے رہے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ سلیم یوسف ایک سمجھدار اور بہادر کرکٹر تھے اور ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے معیار سے بخوبی آگاہ ہیں۔

واضح رہے کہ سابق چیف سلیکٹر اور قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کو عہدہ چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد محمد وسیم کو یہ عہدہ دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں