نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے 18 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا جس میں سابق کپتان سرفراز احمد اور حسین طلعت کی واپسی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ پر موجود قومی ٹیم کے 8 اراکین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سے اس دورے پر خطرہ کے بادل منڈلا رہے تھے، تاہم چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اس خطرہ کے امکان کو مسترد کردیا تھا، تاہم اب 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے 18 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری اعلامیے کے مطابق گرین شرٹس اور کیویز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 18 دسمبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا، سیریز کے دیگر 2 میچز 20 دسمبر کو ہملٹن اور 22 دسمبر کو نیپئر میں کھیلے جائیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم اس وقت کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ میں ہے اور وہاں سے اپنی مدت پوری کرنے کے بعد وہ 8 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گی۔
نیوزی لیںڈ کے خلاف 18 رکنی قومی ٹیم میں سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور حسین طلعت کی واپسی ہوئی ہے جبکہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ رہنے والے فخر زمان، روحیل نذیر اور ظفر گوہر کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کا مشکور ہوں جنہوں نے کووڈ 19 کے دوران کرکٹ سرگرمیوں کو بحال کرنے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی صحت اور حفاظت کے لیے بنائے گئے نیوزی لینڈ کے قوانین کا مکمل احترام کرتے ہیں تاہم اس حقیقت سے بھی انکاری نہیں کہ بعض قواعد و ضوابط کے نفاذ نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر متاثر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں ایک مضبوط ٹیم ہے جبکہ وہ ٹیسٹ کی دوسری اور ٹی ٹوئنٹی کی چھٹی بہترین ٹیم ہے۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، سرفراز احمد، محمد رضوان، حیدرعلی، محمد حفیظ، افتخار احمد، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر، وہاب ریاض، فہیم اشرف، موسیٰ خان، عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔