وزیراعظم شہبازشریف

عمران خان نےخانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر پاکستان کی بہت بدنامی کی۔ شہبازشریف

اسلام آباد (پاک صحافت) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نےخانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر پاکستان کی بہت بدنامی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم کے ساتھ سب سے بڑا فراڈ 50 ارب روپے کا کیا۔ ڈیلی میل نے مجھ سے نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام سے معافی مانگی ہے، 10 لاکھ کی اشاعت والے ڈیلی میل نے اپنے اخبار میں دوسرے یا تیسرے صفحے پر معافی نامہ شیئر کیا ہے۔ سعودی عرب کے کراون پرنس محمد بن سلمان نے ایک ہی گھڑی بنوائی تھی جس میں خانہ کعبہ کا ماڈل تھا، عمران خان نے توشہ خانہ میں آنے والی خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر پاکستان کی بہت بدنامی کی ہے، ہم مسلمان ہیں، اپنی نجی زندگی میں جو مرضی کریں، خانہ کعبہ پر مرمٹتے ہیں، یہ انتہائی گھٹیا حرکت کی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم پر لگائے جانے والے الزامات کا مقصد تھا کہ نوازشریف، مجھے اور میرے خاندان، پارٹی کو بری طرح پاکستان کے اندر اور باہر بدنام کیا جائے۔ آپ جان گئے ہیں کہ پاناما سے اقامہ تک کیا ہوا، اصل کیس پاناما تھا سزا اقامہ میں ہوئی جس کا کیس میں کہیں ذکر نہیں تھا۔ اقامہ اس لیے لایا گیا کہ پانامہ میں نوازشریف کا نام نہیں تھا، اس کے نتیجے میں جو گند اچھالا گیا اس زمانے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کا بیان چلا اور آپ نے دیکھا۔ چاہے 10 سال گزر جائیں سچ سامنے آتا ہے، جو بات من گھڑت اور جھوٹی ہوتی ہے وہ چھپ نہیں سکتی۔ آپ نے دیکھا نیشنل کرائم ایجنسی کو عمران خان اور انکے حواریوں نے کاغذات دیئے، 2 سال تحقیقات ہوئیں نتیجے میں اللہ نے پاکستان کی عزت رکھی اور میری بھی عزت رکھی، عمران نیازی اور اس کے حواریوں، شہزاد اکبر اور دوسرے افراد نے یہ نہیں سوچا کہ شریف خاندان کی تو بدنامی ہوگی لیکن پاکستان کی بدنامی بھی ہوگی، یہ پتھر دل کی طرح سوچ کے حامل تھے پاکستان کو نقصان پہنچتا ہے تو کوئی بات نہیں، شریف خاندان کو رسوا کرو۔

شہباز شریف نے کہا کہ انتہائی افسوسناک مقام ہے کہ ایسے انسان نے ہماری معیشت تباہ کی، خارجی تعلقات کو تباہ کیا، بہترین برادر ممالک سے تعلقات کو صفر پر لے گئے، دن رات جھوٹ بولا جس کی مثال نہیں ملتی، اللہ نے پاکستان پر کرم کیا، پاکستان کی عزت پر ضرب لگانے کی جو کوشش کی گئی اسے ناکام بنایا۔ فنانشل ٹائمز میں ان کے بارے میں سٹوری چھپی کہ شوکت خانم کیلئے پیسہ جمع کیا گیا اس کو انہوں نے اپنی سیاست پر خرچ کردیا، کس طریقے سے اس نے خواتین کو بے بنیاد گرفتار کروایا، مریم نواز کو گرفتار کروایا، کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف تھے اور مریم نواز ملنے آئیں اور وہاں سے مریم کو گرفتار کرلیا گیا، زرداری صاحب کی بہن فریال تالپور کو عید کی رات گرفتار کرلیا گیا، اپنی بہن کو این آر او دلوادیا، اگر میں ہوتا تو میں ان کی بہن کو کبھی گرفتار نہ کرتا، ان کی دبئی اور امریکہ میں پراپرٹی پکڑی گئی، پھر ایمنسٹی سے فائدہ اٹھایا، کئی سال ڈکلیئر نہیں کیا، این آر او دلوایا ۔اس طرح انہوں نے پاکستان کو برباد کیا۔ جب میں نے 11 اپریل کو حلف اٹھایا، کس طرح ہم نے ایڑیاں رگڑیں، آئی ایم ایف پاکستان پر اعتبار کرنے کیلئے تیار نہیں تھا، آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ آپ بات کرتے ہیں اور پھر مکر جاتے ہیں، ہم آپ کی بات نہیں مانیں گے، انہوں نے پتا نہیں کہاں کہاں انگوٹھے لگوائے اور گارنٹی لی پھر آئی ایم ایف کا پروگرام شروع ہوا۔

یہ بھی پڑھیں

آصف زرداری

کسی صورت زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دوں گا۔ صدر آصف زرداری

کراچی (پاک صحافت) صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ کسی صورت زمینوں پر قبضے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے