شہباز شریف

عدلیہ آئین کی تشریح کرسکتی ہے لیکن ری رائٹ نہیں۔ وزیراعظم

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عدلیہ آئین کی تشریح کرسکتی ہے لیکن ری رائٹ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئین پاکستان 1973 کی موبائل ایپ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے ڈیجیٹل ایپ پر دستیاب ہونے سے طلباء و طالبات اور کروڑوں پاکستانی آئین کی منشا اور آئین پاکستان کی بنیادی اساس سے استفادہ کرسکیں گے۔ یہ حسن اتفاق ہے کہ میں 12 اکتوبر 1999 کو پی ٹی وی کی اس بلڈنگ سے گزرا جب ایک غیرآئینی قدم اٹھایا گیا تھا اور آج الحمدللہ آئین کے احترام اور آئین کی شقوں کو ہر خاص و عام تک پہنچانے کے لئے دوبارہ اس عمارت میں موجود ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اس آئین کے بانیان جن میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، مفتی محمود مرحوم، مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم، خان عبدالولی خان جیسی قد آور شخصیات تھیں جو اپنی سیاسی سوچ کے مطابق اپنی جماعتوں کی قیادت کررہے تھے لیکن آئین پاکستان کے لئے انہوں نے اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس آئین کو تخلیق کیا اور اس طرح رہتی دنیا تک ان کا نام ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج پھر آئین کی پاسداری اور احترام کےلئے تمام اداروں اور پوری قوم کو یکسو ہونا پڑے گا، آئین نے پارلیمان کی گود سے جنم لیا، آئین کی تشریح عدلیہ کرسکتی ہے یہ اس کا اختیار ہے لیکن عدلیہ آئین کو ری رائٹ نہیں کرسکتی، یہ صرف اور صرف پارلیمان کا اختیار ہے اور یہ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں اصول مسلمہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج پاکستان ایک دوراہے پر کھڑا ہے، مجھ سمیت ہم سیاستدانوں سے بے شمار غلطیاں ہوئیں اور بڑے لوگ وہی ہوتے ہیں جو اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھتے ہیں اور قوم کے اعلی اور ارفع مقاصد کے لئے اپنی ذات کو قومی مفادات کے تابع کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب روانہ، اہم ملاقاتیں متوقع

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف 28 سے 29 اپریل کو ریاض میں عالمی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے