اسلام آباد (پاک صحافت) ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سےکم ہوکر 29 فیصد ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں نگران وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہنگائی کی شرح 12 ماہ میں سب سے کم ہوگئی ہے۔
ای سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ادارہ شماریات نے بریفنگ میں بتایا کہ مہنگائی مئی کے بعد کم ہونا شروع ہوئی ہے، مئی میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد تھی جو کم ہو کر 29.2 فیصد ہوگئی ہے۔ مہنگائی کی شرح میں کمی کی وجہ روپے کی قیمت میں استحکام ہے۔
ای سی سی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ متعلقہ وزارتیں صوبوں سے مل کر کھاد کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنائیں، کھاد کی قیمت زیادہ وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔