اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنام و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعظم عمران خان سمیت وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ چوری چھپانا، ملزمان کو بچانے والا معاملہ نہیں چلے گا، ان کو جواب دینا ہوگا۔ شاہد خاقان کا کہنا ہے کہ حکومت جاتے ہی یہ وزیر پہلی رات جہاز سے بھاگ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چینی کی خرد برد میں 600 ارب کی کرپشن ہوئی، آج تک پتا نہیں چل سکا، ہر وزیر پر کرپشن کے مقدمات ہیں، یہ لوگ صرف پیسے بنانے آئے ہیں، کوئی شخص ایسا نہیں جو پیسہ نہ بنارہا ہو، نیب چیئرمین کو نظر نہیں آتا، نیب چیئرمین کو بھی جواب دینا ہوگا۔
واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کا رنگ روڈ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ اب رنگ روڈ میں کرپشن آگئی ہے، اب پھر رپورٹ بنےگی اور باتیں ہوں گی، اس حکومت کا کوئی آدمی آج تک گرفتار نہ ہوا، اسپیشل اسسٹنٹ نے استعفیٰ کیوں دیا،اس کا تو حکومتی محکمے کیساتھ تعلق ہی نہیں ہوتا۔