اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر طنز کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ رجیم چینج کی بات امریکا سے چلتی ہوئی اب ایک آدمی تک آ گئی ہے، پنجاب میڈیکل بورڈ نے کہا ہے کہ عمران خان کو کوئی گولی نہیں لگی، عمران خان کے جھوٹ پر اعتبار کرنے والوں کو سمجھنا چاہیے کہ یہ بہروپیا ہے جو اپنی کہی ہوئی بات سے مکر جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان چار حکومتیں لے کر بیٹھے ہوئے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں بے بس ہوں۔ انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرتے وقت تو آپ بے بس نہیں تھے؟
واضح رہے کہ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ آدمی بائیس کروڑ عوام کا مجرم ہے جس نے ملک میں معاشی تباہی کی۔ عمران خان نے ملک میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ کیسی بے بسی ہے کہ عمران خان کی پنجاب حکومت ان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے کو پکڑ نہیں سکتی؟