اسلام آباد (پاک صحافت) صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا ہے کہ جعلی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلاو کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ میڈیا معاشرے میں رواداری، اتحاد اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ صحافت کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھے، جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی وجہ سے نئے چیلنجز درپیش ہیں، میڈیا رائے عامہ کی تشکیل میں ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کرے۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل ہونا چاہئے۔ جدید ٹیکنالوجی اور باصلاحیت انسانی وسائل سے پیمرا کی استعدادِ کار بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ میڈیا ملک کا بہتر تشخص اور سماجی و اقتصادی مسائل بارے شعور اجاگر کرے۔
چیئرمین پیمرا نے صدر مملکت کو میڈیا منظرنامے کی ریگولیشن اور ترقی میں پیمرا کے کردار اور کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پیمرا نے صدر مملکت کو پیمرا رپورٹ 2021-23 بھی پیش کی۔ صدر مملکت نے ملاقات میں پیمرا کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔