(پاک صحافت) نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی موقف کو تسلیم نہیں کرتا، کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل پر بھارت کی دہشتگردی عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں جو مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر سےمتعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یو این ہیڈ کوارٹرز میں نیوز کانفرنس کے دوران نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا، جبکہ نگراں وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک مؤقف دیا۔جلیل عباس کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کی، ہم بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن وہ مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت ایک عرصے سے خطے کے دیگر ملکوں کی خود مختاری پر حملے کرتا رہا ہے، کینیڈا کے کیس میں بھارتی دخل اندازی دنیا میں کھل کر سامنے آگئی۔ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں نگراں وزیراعظم نے اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں، اجلاس میں نگراں وزیراعظم نے مختلف امور پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔