اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس کو جی ڈی پی کے تناسب سے 15 فیصد تک لائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے منصب سنبھالنے کے بعد ایف بی آر کی ریونیو کارکردگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں چیئرمین ایف بی آر نے انہیں مختلف ریونیو اقدامات اور ریونیو ایڈمنسٹریشن میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے اہداف کے حصول میں ایف بی آر کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ ان کے فرائض کی انجام دہی کے لیے تعاون کریں گے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایف بی آر اقتصادی نقطہ نظر میں فوری تبدیلیوں کے لیے خود کو پوزیشن میں لے، ایف بی آر اپنی کوششیں بڑھائے تاکہ ٹیکس کو جی ڈی پی کے تناسب سے 15 فیصد تک لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس پالیسیاں وضع کرنے اور ریونیو اکٹھا کرنے کی کوششوں میں ٹیکس دہندگان کی شمولیت ضروری ہے۔