نریندر مودی نے بھارت پر انتہاپسند تنظیم آر ایس ایس کو مسلط کردیا ہے: راہول گاندھی

نریندر مودی نے بھارت پر انتہاپسند تنظیم آر ایس ایس کو مسلط کردیا ہے: راہول گاندھی

نئی دہلی (پاک صحافت) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کے تمام آزاد ادارے ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے زیر اثر ہیں اور نریندر مودی نے بھارت پر انتہاپسند تنظیم آر ایس ایس کو مسلط کردیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق راہول گاندھی نے ہندو قوم پرست مودی سرکار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ملکی جمہوریت کا گھلا گھونٹنے کا کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے دور اقتدار میں تمام حکومتی اداروں کو انتہا پسند ہندو قوم پرست تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے نظریات سے آلودہ کیا جا رہا ہے اور اس سے بڑے حکومتی اداروں کی آزادی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

امریکہ کی کورنیل یونیورسٹی کے ایک پروگرام میں اقتصادی امور کے ماہر پروفیسر کوشک باسو کے ساتھ بات چیت میں راہول گاندھی نے بھارت کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ بھارتی جمہوریت ختم نہیں ہو رہی بلکہ اس کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ سابق وزیر اعظم اور ان کی دادی اندرا گاندھی کی جانب سے ایمرجنسی کا نفاذ بھی ایک غلط فیصلہ تھا، تاہم جو کچھ آج بھارت میں ہو رہا ہے اور جو کچھ 1975ء اور 1977ء کے درمیان ہوا، اس میں بہت فرق ہے، آج آر ایس ایس اپنے نظریات کے لوگوں کو ملک کے تمام اداروں میں بھرتی کررہی ہے، اگر ہم انتخابات میں بی جے پی کو شکست بھی دے دیں تو بھی ہم اداروں میں موجود ایسے افراد سے پیچھا نہیں چھڑا سکتے۔

راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ جمہوریتیں اپنے اداروں میں توازن کے سبب چلتی ہیں اور بھارت میں آج اسی آزادی پر حملے ہو رہے ہیں، آر ایس ایس بہت ہی منظم طریقے سے تمام حکومتی اداروں میں گھس رہی ہے اور ان کی آزادی پر حملے کر رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت، ذرائع ابلاغ، بیورو کریسی، انتخابی کمیشن جیسے تمام حکومتی ادارے منظم طریقے سے ایک خاص نظریے کے حامل ان افراد سے بھرے جا رہے ہیں جن کا تعلق ایک خاص ادراے سے ہے۔

بات چیت کے دوران راہول گاندھی نے اپنی پارٹی کے ایک رہنما کمل ناتھ کے ساتھ ایک بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب ریاست مدھیہ پردیش میں ان کی حکومت تھی تو انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ حکومت میں سینئر بیوروکریٹ آر ایس ایس کے ساتھ اپنی وفاداری کی وجہ سے ان کے حکم کی تعمیل تک نہیں کرتے تھے۔

واضح رہے کہ بھارت میں سیاسی مبصرین اور دانشوروں کا ایک حلقہ یہ کہتا رہا ہے کہ مودی حکومت میں عدالت، میڈیا اور نوکر شاہوں کا جو رویہ ہے اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ ہو۔

قابل ذکر ہے کہ بھارتی انتہاپسند وزیراعظم نریندر مودی خود بھی آر ایس ایس کے ممبر ہیں اور ہمیشہ سے اس دہشت گرد تنظیم کے نظریات کی حمایت کرتے آئے ہیں اور مہاتما گاندھی کے قتل کو آر ایس ایس کی ملک سے محبت کے لیئے اٹھایا ہوا قدم مانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فرانسیسی سیاستدان

یوکرین میں مغربی ہتھیاروں کا بڑا حصہ چوری ہوجاتا ہے۔ فرانسیسی سیاست دان

(پاک صحافت) فرانسیسی پیٹریاٹ پارٹی کے رہنما فلورین فلپ نے کہا کہ کیف کو فراہم …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے