کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرائی جائے: سردار مسعود خان

مظفر آباد(پاک صحافت)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مسلمان ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ متحد ہو کر مقبوضہ کشمیر کے ان مسلمانوں کی نسل کشی بند کروائیں جو امت مسلمہ کے جسم کا حصہ ہیں اور جنہیں محمد عربی کا غلام ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کی تنظیم ماپیم کے زیر اہتمام مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر ایک ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ملائیشیا کے عوام، حکومت خاص طور پر سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اور ملائیشیا کی با اثر ترین تنظیم ماپیم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ملائیشیا کے اندر اور باہر ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے دو ٹوک اور واضح مؤقف کی حمایت کی، بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جموں و کشمیر کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے اور نہ ہی اس وقت کا بھارت کا حصہ ہے وہاں پر بھارت ایک جارح اور قابض ملک کی حیثیت سے موجود ہے اور اس کی نو لاکھ سے زیادہ فوج کشمیریوں کے ساتھ وہی سلوک کر رہی ہے جو ایک غیر ملکی جارح فوج اپنے مفتوعہ علاقوں کے عوام کے ساتھ کرتی ہے، اس وقت بھارت کی تقریباً ایک ملین فوج نے کشمیریوں کو محاصرے میں لے کر ظلم و ستم کا ایسا بازار گرم کر رکھا ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

گھر گھر تلاشیوں کے دوران نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا جا رہا ہے اور بڑی تعداد میں نوجوانوں کو گرفتار کر کے یا تو غائب کیا جا رہا ہے یا جیلوں اور عقوبت خانوں میں بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،  خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا اور جنسی تشدد کو جنگی ہتھیار کے طو ر پار استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سیاسی قائدین اور سیاسی کارکنوں سمیت 13ہزار نوجوانوں کو گرفتار کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں اور خاص طور پر اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو ہر قسم کے ظلم اور جبر کے باوجود آزادی اور حق خود ارادیت کے مؤقف سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے تہاڑ جیل میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک، دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی، اشرف صحرائی، مسرت عالم بٹ، سید شبیر احمد شاہ ، ممتاز حریت پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو قید و بند کی مشکلات سہنے کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم رہنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

ویبی نار سے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی، ممتاز حریت پسند یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک، ملائیشیا کی پارلیمنٹ کی سابق رکن حاجی محمد عظمی عبدالحمید، سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں

سعودی عرب امریکہ اسرائیل

امریکہ اور سعودی عرب کے ریاض اور تل ابیب کے درمیان مفاہمت کے معاہدے کی تفصیلات

(پاک صحافت) ایک عرب میڈیا نے امریکہ، سعودی عرب اور صیہونی حکومت کے درمیان ہونے والے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے