افغانستان میں فوجی چیک پوسٹ پر حملہ، 7 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے

افغانستان میں فوجی چیک پوسٹ پر حملہ، 7 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے

کابل (پاک صحافت) افغانستان کے صوبے بلخ میں فوجی پوسٹ پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 7 اہلکار ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق بلخ کے ضلع چمتل میں فوجی چیک پوسٹ کو طالبان جنگجوئوں نے نشانہ بنایا، حملہ اتنا اچانک تھا کہ فوجی اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا تاہم فوجی اہلکاروں کی جانب سے بھی مزاحمت دکھائی گئی، دو طرفہ فائرنگ ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

دوسری جانب افغانستان کے صوبے ہلمند میں ہونے والے بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے

افغانستان کے صوبہ ہلمند کے پولیس ہیڈکوارٹر کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں افغانستان کی خفیہ ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی پراسیکیوٹرز کے انچارج سید محمود سعادت سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ہلمند کے گورنر عبدل نبی الہام نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت خفیہ ایجنسی کے پراسیکوٹر کے سیکیورٹی گارڈ کے طور پر ہوئی ہے جب کہ دھماکے میں خاتون سمیت 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کی جانب سے دھماکے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم اب تک کسی بھی دہشت گرد گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ واشنگٹن کی جانب سے دوحہ میں گزشتہ برس طالبان کے ساتھ ہوئے معاہدے پر نظرِ ثانی کے اعلان کے بعد سے افغانستان کے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیوں میں بدستور اضافہ ہورہا ہے۔

مذکورہ معاہدے کے تحت امریکا کو مئی کے مہینے میں اپنی افواج کا انخلا کرنا تھا لیکن جھڑپوں میں اضافے سے ان خدشات میں اضافہ ہوا کہ تیزی سے انخلا کی صورت میں مزید انتشار پھیل سکتا ہے کیوں طالبان اور افغان حکومت کے مابین بات چیت کا سلسلہ تاحال تعطل کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں

یونیورسٹی

اسرائیل میں ماہرین تعلیم بھی سراپا احتجاج ہیں۔ عبرانی میڈیا

(پاک صحافت) صہیونی اخبار اسرائیل میں کہا گیا ہے کہ نہ صرف مغربی یونیورسٹیوں میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے