نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی20 میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کے قائم مقام کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں نوجوان عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنا ئے پویلین لوٹ گئے، ابھی پاکستانی ٹیم اس نقصان سے سنبھلا بھی نہ تھا کہ پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان جیکب ڈفی نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر محمد رضوان اور محمد حفیظ کو چلتا کردیا۔

اگلے اوور میں اسکاٹ کگلیجن نے پاکستان کو ایک اور نقصان پہنچاتے ہوئے حیدر علی کی بھی وکٹ حاصل کر لی، شاداب خان اور خوشدل شاہ نے اسکور کو 39 تک پہنچایا ہی تھا کہ اش سودھی نے خوشدل کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس موقع پر شاداب کا ساتھ دینے عماد وسیم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے مل کر اسکور کو 79 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر کگلیجن نے اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلاتے ہوئے عماد کی 19رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

شاداب نے کیپٹن اننگز کھیلتے ہوئے مشکل وقت میں 32 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 42رنز بنائے لیکن ڈفی نے چوتھی وکٹ حاصل کر کے انہیں بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے جارحانہ کا بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے جس کی بدولت قاومی ٹیم 150 رنز کا ہندسہ پار کرنے میں کامیاب رہی۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈفی نے 4 اور کگلیجن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جیکب ڈفی نے اس میچ میں ایک مفرد اعزاز بھی حاصل کر لیا اور وہ ڈیبیو پر ٹی20 میچ میں 4 وکٹیں لینے والے نیوزی لینڈ کے پہلے باؤلر بن گئے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کپتان شاداب خان نے خطرناک اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل کا بہترین کیچ لیا، اگلے اوور میں حارث رؤف نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے ڈیون کونوے کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے چلتا کردیا، 21رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ٹِم سیفرٹ اور گلین فلپس وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی، 65 کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف نے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے نیوزی لینڈ کو تیسرا نقصان پہنچایا۔

ٹم سیفرٹ نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ مارک چیپ مین کے ہمراہ 45 رنز کی شراکت بھی قائم کی لیکن شاہین شاہ آفریدی نے 57 رنز بنانے والے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

مارک چیپ مین نے وہاب ریاض کے ایک اوور میں 16 رنز بٹور کر اپنی ٹیم کی ہدف تک رسائی کو آسان بنا دیا لیکن اگلے اوور میں 34 رن بنانے ولاے بلے باز حارث کی تیسری وکٹ بن گئے۔

وہاب ریاض نے مشکل وقت میں ایک اور اوور میں 15 رنز دے کر میچ نیوزی لینڈ کی جھولی میں ڈال دیا اور ان کے اگلے اوور میں مچل سینٹنر نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو 7 گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا، اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی، جیکب ڈفی کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ 20 دسمبر بروز اتوار پملٹن میں کھیلا جائے گا، اس سے قبل آکلینڈ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا تھا۔

شاداب خان نے کہا کہ یہ ایک اچھی پچ لگ رہی ہے اور ہم اسکور بورڈ پر اچھا مجموعہ سجانا چاہتے ہیں، انہوں نے قومی ٹیم کی قیادت کو اپنے اور اپنے اہلخانہ کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہ بابر کی کمی یقیناً محسوس کریں گے لیکن یہ دیگر کے لیے آگے آنے کا بہترین موقع ہے۔

واضح رہے کہ انگوٹھے میں فریکچر کے سبب قومی ٹیم ٹی20 سیریز میں بابر اعظم کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے، سابق کپتان سرفراز احمد ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی جگہ محمد رضوان کو ترجیح دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان

وزیر اعظم پاکستان نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا

پاک صحافت اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے قائم مقام …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے