(پاک صحافت) گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ جیمنائی میں اب آپ تصاویر بھی اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرسکتے ہیں۔ گوگل نے جیمنائی میں بڑی اپ ڈیٹ کی ہے اور اب آپ چیٹ بوٹ کے چیٹ انٹرفیس کے اندر تصاویر کو ایڈٹ کرسکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ تصاویر یا دیگر فائلز کو تجزیے کے لیے بھی بھیج سکیں گے۔ یہ نیا ایڈیٹر کسی بھی اپ لوڈ کی گئی تصویر یا جیمنائی کی تیار کردہ تصویر کو اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے جادوئی انداز میں تبدیل کرسکے گا۔
آپ کو بس جیمنائی کو بتانا ہوگا کہ آپ تصویر میں کیسی تبدیلیاں چاہتے ہیں۔ یہاں تک کہ آپ تصاویر کے بیک گراؤنڈ کو بھی تبدیل کرسکیں گے یا لوگوں کو اپنی پسند کی چیزیں بھی پہنا سکیں گے۔ آپ جیمنائی سے گفتگو کے دوران متعدد بار تصویر کو ایڈٹ کرسکتے ہیں، یہاں تک کہ پہلے کی جانے والی تبدیلیوں کو ریورس بھی کراسکتے ہیں۔ گوگل کا دعویٰ ہے کہ یہ اے آئی ایڈیٹر متعدد کام کرسکتا ہے، اساتذہ اس کی مدد سے اسٹوری بورڈ کے لیے خاکے فوری طور پر تیار کرسکتے ہیں، ڈیزائنرز اپنی پراڈکٹ فوٹوز کا پورٹ فولیو تیار کرسکتے ہیں یا آرکیٹیکٹ عمارات کے ڈیزائن کو پیش کرنے کے لیے بھی اسے استعمال کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل جیمنائی میں صرف ایک فائل کو اپ لوڈ کرنے کی اجازت تھی مگر اب اسے ختم کر دیا گیا ہے۔ اب آپ تصاویر، پی ڈی ایف یا دیگر فائلز کو بیک وقت اپ لوڈ کرکے ان کا تجزیہ کروا سکتے ہیں۔ گوگل کے مطابق اے آئی سے ایڈٹ کی گئی ہر تصویر میں 2 واٹر مارکس ہوں گے جن میں سے ایک واضح ہوگا جبکہ دوسرے کو سافٹ وئیر سے دیکھنا ممکن ہوگا۔ اسی طرح ایسے فلٹرز بھی ایڈ کیے جائیں گے جو نامناسب درخواستوں کو فوری رد کر دیں گے۔