(پاک صحافت) میٹا کی جانب سے طویل عرصے سے اسمارٹ فونز کے متبادل کے لیے اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ٹیکنالوجی پر مبنی اسمارٹ گلاسز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔ اب اس حوالے سے کمپنی نے پہلی پیشرفت کی ہے اور اپنا پہلا اے آر اسمارٹ گلاس اورین متعارف کرایا ہے۔ میٹا کنکٹ نامی کانفرنس کے موقع پر کمپنی نے اپنے ‘فل ہوگرافک’ اے آر گلاسز کو پیش کیا۔
میٹا نے 5 سال پہلے انکشاف کیا تھا کہ وہ ہولوگرافک اسمارٹ گلاسز پر کام کر رہی ہے مگر حقیقت تو یہ ہے کہ کمپنی نے اس منصوبے پر ایک دہائی قبل کام شروع کیا تھا۔ اورین کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ اب تک تیار ہونے والے بہترین اے آر گلاسز ہیں۔ اس کے اندر پراجیکٹرز موجود ہیں جو ہولوگرامز کو گلاسز میں ڈسپلے کرتے ییں۔ دیکھنے میں یہ عام گلاسز لگتے ہیں اور اس سے چہرہ چھپتا نہیں یا یوں کہہ لیں کہ انہیں پہننے والوں کی آنکھیں، چہرہ اور تاثرات دیکھنا ممکن ہے۔
میٹا نے بتایا کہ یہ ہلکے وزن کے گلاسز ہیں جو چار دیواری کے اندر اور باہر دونوں جگہ کام کر سکتے ہیں۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اسمارٹ گلاسز ایسا ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرتے ہیں جو اب تک اسمارٹ فون اسکرین تک محدود تھا۔ اسی طرح آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے ذریعے آپ کو اپنی اردگرد کی دنیا کے بارے میں زیادہ بہتر تفصیلات ملتی ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ آپ اورین سے فریج کے اندر دیکھ سکیں گے اور میٹا اے آئی کی جانب سے اس میں موجود سامان کو مدنظر رکھ کر کھانے کی ترکیب کی تجویز دی جائے گی۔ اسمارٹ گلاسز کے ذریعے آپ ویڈیو کالز بھی کرسکیں گے جبکہ میسنجر اور واٹس ایپ پر میسجز بھی بھیج سکیں گے۔ اسی طرح متعدد ایپس جیسے یوٹیوب اور دیگر کے ہولوگرافک ورژنز بھی دستیاب ہوں گے۔
اسمارٹ گلاسز کے ساتھ ایک بریسلیٹ بھی دیا جا رہا ہے جسے gesture کنٹرول کرنے کے لیے پہننا ضروری ہوگا۔ کمپنی کے مطابق فی الحال یہ اسمارٹ گلاسز عام فروخت کے لیے پیش نہیں کیے جا رہے بلکہ یہ محدود افراد کو دستیاب ہوں گے تاکہ ان کو زیادہ بہتر بنانے کے بعد سب کے لیے پیش کیا جائے۔ 2023 میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کی جانب سے پہلے اے آر گلاسز 2027 میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔