نواز شریف

ہم ملک کو دوبارہ ٹریک پر لائیں گے اور ملک دوبارہ ترقی کرے گا۔ نوازشریف

لاہور (پاک صحافت) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم ملک کو دوبارہ ٹریک پر لائیں گے، انشاءاللہ ملک دوبارہ ترقی کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق لیگی قائد نواز شریف نے مینار پاکستان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے بتائیں کون ہے جو ہر چند سالوں بعد مجھے اس قوم سے جدا کردیتا ہے؟۔ آج بہت سالوں کے بعد آپ سے ملاقات ہورہی ہے۔ لیکن آپ سے میرا پیار کا رشتہ قائم و دائم ہے، جو پیار محبت اور خلوص آپ کی آنکھوں میں دیکھ رہا ہوں مجھے اس پر ناز ہے، یہ میرا اور آپ کا رشتہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے، نہ میں نے کبھی عوام کو دھوکہ دیا نہ کبھی عوام نے نواز شریف کو دھوکہ دیا، جب بھی موقع ملا دن رات ایک کرکے پاکستان کے مسائل حل کیے، جیلوں میں مجھے ڈالا گیا، ملک بدر مجھے کیا گیا، جعلی کیسز میرے، شہباز شریف، مریم نواز کے خلاف بنائے گئے، یہاں پوری لائن بیٹھی ہے، سب کے خلاف کیس بنائے گئے لیکن کسی نے مسلم لیگ ن کا جھنڈا اپنے ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کلنٹن نے مجھے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی تھی، چاہے تو وزارت خارجہ کا ریکارڈ نکلوا کر دیکھ لیں، آج تو ایک ایک ارب کی بھیک پچھلی حکومت کے لوگ مانگ رہے تھے، شاید میں لیتا تو مجھے بھی ایک دو ارب ڈالر مل جاتے، لیکن مجھے پاکستان مٹی نے پاکستان کے خلاف بات ماننے کی اجازت نہیں دی۔ دنیا کے طاقتور صدر نے دھماکوں سے منع کیا لیکن ہم نے کیے اور بھارت کو اس کے ایٹمی دھماکوں کو ٹھیک ٹھاک جواب دیا، انہوں نے عوام سے پوچھا کہ کیا اسی بات کی ہمیں سزا ملتی ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ میرے دور میں پٹرول 60 روپے فی لیٹر تھا، آج 280 تک پہنچ چکا ہے، کیا اس لیے نواز شریف کو نکالا تھا کہ اس نے مہنگائی نہیں ہونے دی، ڈالر کو روپیہ کے سامنے ہلنے نہیں دیا۔ 1991 میں جو کام شروع کیے، اگر وہ سلسلہ جاری رہتا تو ملک میں کوئی بے روزگار نہ ہوتا، پاکستان میں غربت نام کی کوئی چیز نہ ہوتی، غریب کے پاس بچوں کا پیٹ پالنے، انہیں تعلیم دینے کے پیسے ہوتے۔ آج حالات اتنے مشکل ہوگئے ہیں کہ بجلی کا بل دیں یا بچوں کا پیٹ پالیں۔ لیکن یہ سلسلہ شہباز شریف کے زمانے کا نہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ہمسائیوں سے برائی کرکے دنیا کے ساتھ اچھے تعلق کے ساتھ ترقی نہیں کرسکتے، آج مشرقی اور مغربی پاکستان علیحدہ نہ ہوتا تو دونوں کے درمیان ایک اقتصادی راہداری بن چکی ہوتی، آج دیکھیں مشرقی پاکستان ترقی میں ہم سے آگے نکل چکا ہے، ہمیں اس صورتحال سے باہر نکلنا ہے، میرا دل زخموں سے چور ضرور ہے، لیکن اپنے رب سے دعا کررہا ہوں کہ بدلے کی خواہش نہیں، بس تو اس قوم کی تقدیر بدل دے۔

یہ بھی پڑھیں

رانا ثناءاللہ

پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے مسلط ہونا چاہتی ہے۔ رانا ثناءاللہ

فیصل آباد (پاک صحافت) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے