شہباز شریف

پیرس میں وزیراعظم شہبازشریف کی اہم عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں

پیرس (پاک صحافت) پیرس میں وزیراعظم شہبازشریف نے اہم عالمی رہنماوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیا عالمی اقتصادی نظام بنانے کیلئے 2 روزہ پیرس کانفرنس شروع ہوچکی ہے، فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے۔ سربراہی اجلاس میں 50 سے زائد ممالک کے سربراہانِ مملکت شرکت کر رہے ہیں، کانفرنس کا مقصد پسماندہ ممالک میں غربت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت بہترکرنا ہے۔ کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم شہباز شریف کی اہم عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی پیرس میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلمان نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر نے مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرأت مندانہ قدم اٹھایا ہے، ترقی پذیر ممالک کو وسائل کی کمی، قرض ادائیگیوں اور منجمد ترقی کا سامنا ہے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت ترقی پذیر ممالک کے مدد کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں نے ترقی پذیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔

مصری صدر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شرم الشیخ نےلاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے عزم سے عالمی سطح پر اہم پیشرفت کی بنیاد رکھی ہے، شرم الشیخ میں جس سیاسی عزم کا اظہارکیاگیا وہ بتدریج آگے بڑھ رہاہے۔ دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ اور پاکستان اور مصر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور جان کیری نے ایک دوسرے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیراعظم نے ماحولیات کے مسئلے پر جان کیری اور امریکی حکومت کی ترجیحات کو سراہا، وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے لہذا مشترکہ حکمت عملی اور کوششیں درکار ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیراعظم کا جوابی خیر سگالی کے پر جوش جذبات سے خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہ اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں

رانا ثناءاللہ

پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے مسلط ہونا چاہتی ہے۔ رانا ثناءاللہ

فیصل آباد (پاک صحافت) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے