مریم اورنگزیب

عام انتخابات آئین کی روح کے مطابق نگران سیٹ اپ میں ہوں گے۔ مریم اورنگزیب

اسلام آباد (پاک صحافت) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عام انتخابات آئین کی روح کے مطابق نگران سیٹ اپ میں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 44 ماہ کا گند، نا اہلی، نالائقی، چوری، مہنگائی، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی خلاف ورزی کی گئی، پچھلی حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی کرکے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر چھوڑ گئی تھی۔ پچھلی حکومت نے عوام دشمنی کی، جب ہمیں ملک ملا تو معیشت اور روزگار تباہ تھا، ملک میں ایندھن تھا نہ ایندھن لینے کے پیسے۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ نہ کارخانے چل رہے تھے، پچھلی حکومت نے ہر شعبے کو تباہ کیا، گزشتہ حکومت مارچ 2022 میں آئی ایم ایف سے اپنا کیا ہوا معاہدہ توڑ کرگئی، 4 سالہ تباہی کے بعد آئی ایم ایف کا معاہدہ توڑنا تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا، جس وقت ہمیں یہ ملک دیا گیا اس وقت ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، جب ہم نے 2018 میں ملک دیا تھا تو 6.2 فیصد کی ترقی پر تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نالائق کہتے تھے کہ اتنی زیادہ بجلی بنا دی جس کی ڈیمانڈ ہی نہیں تھی، انہوں نے 44 مہینے یعنی چار سال ملک کے ہر شعبے کو تباہ کیا، ہمارے 14 ماہ کا پی ٹی آئی کے ابتدائی 14 ماہ سے تقابل کیا جائے، ان کے 14 ماہ میں یا تو چیزیں ختم ہوجاتی تھیں یا پھر مہنگی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کووڈ میں 3 ڈالر پر لیکویڈ نیچرل گیس (ایل این جی) مل رہی تھی، یہ تاریخی موقع تھا، انہوں نے مہنگے فرنس آئل کی وجہ سے سستی ایل این جی نہیں خریدی، آپ نے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے پیٹرول سستا کیا، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، انتشار، نفرت کو اتحاد میں بدلا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ انہوں نے خارجہ پالیسی تباہ کی، شہباز شریف نے تباہ شدہ خارجہ پالیسی کو بحال کیا، کوئی دوست ملک راضی نہیں تھا، نوازشریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کا پروگرام لے کر مکمل کیا۔ ابھی ہم نے زخموں پر مرہم رکھا ہے، اتحادی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو بچانا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں

بشام، چینی انجینئرز پر حملے میں ملوث 4 دہشتگرد گرفتار

بشام (پاک صحافت) خیبر پختونخوا کے شہر بشام میں چینی انجینئرز پر خودکش حملے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے