بے نظیر بھٹو

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 70 ویں سالگرہ آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جارہی

کراچی (پاک صحافت) پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 70 ویں سالگرہ آج جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں صوبائی اور ضلع سطح پر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جن میں سالگرہ کے کیک کاٹنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بے نظیر بھٹو 1953 میں آج ہی کے دن پیدا ہوئیں، انہوں نے سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو جیسی سیاسی قد آور شخصیت کے گھر آنکھ کھولی، وہ بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں۔

ملک کیلئے ان کی سیاسی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں، اپنی ملک گیر عوامی مقبولیت کے سبب دو مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئیں، انہیں اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ملکی سیاست کے پُرآشوب دور میں برداشت، رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کی روایت کو بے نظیر بھٹو نے زندہ کیا۔

ایٹمی پروگرام کو ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کیا تھا تو بے نظیر بھٹو نے اپنے دور اقتدار میں اس کی قدم بہ قدم حفاظت کی۔ پاکستانی میزائل پروگرام ہو یا ایٹمی آبدوز کی فراہمی، ایف 16 طیاروں کا امریکہ سے معاہدہ ہو یا فرانس کے میراج 2000 طیاروں کا حصول، پاکستانی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے سے متعلق شہید بے نظیر کی خدمات تاریخ میں درج ہیں۔

ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ان سے بہتر آواز کوئی نہیں اٹھا سکا، فوجی ڈکٹیٹروں کے سامنے چاہے وہ ضیاءالحق ہو یا پرویز مشرف، شہید بے نظیر بھٹو نے خاتون آہن کی طرح عوامی جذبات کی ترجمانی کی اور فوجی آمروں کو جمہوریت کا احترام کرنے پر مجبور کر دیا۔

ملکی سیاست کا یہ تابناک تارہ 2007ء کو راولپنڈی میں غروب ہوگیا جب ایک دہشت گرد حملے میں انہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ لیاقت باغ میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کر کے واپس جا رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں

اسحاق ڈار

امریکی پابندیوں کی پروا نہیں، وہ کریں گے جو قومی مفاد میں ہوگا۔ اسحاق ڈار

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے