اسلامی نظریاتی کونسل نے جڑانوالہ سانحے میں ملوث افراد کو سزا دینے کےلیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (پاک صحافت) اسلامی نظریاتی کونسل نے جڑانوالہ سانحے میں ملوث افراد کو سزا دینے کےلیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ جڑانوالہ میں ہوا اس کی مذہب، رائج ملکی قانون اور ہماری معاشرتی اقدار میں کوئی جگہ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ اسلام تمام مذاہب کی عبادت گاہوں اور مذہبی شعائر کے احترام کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مذاہب کے افراد اور عبادت گاہوں پر حملے کی قانون اور اسلام میں کوئی گنجائش نہیں، ان واقعات میں ملوث تمام شرپسندوں کیخلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کی جائے۔ قبلہ ایاز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جن گھروں اور عبادت گاہوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے، ان کی فوری بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ لوگوں کی نجی املاک کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے، ایسے واقعات کے سدباب کیلئے ضروری ہے کہ ملوث مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے، اس سلسلے میں خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں جو دن رات سماعت کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خصوصی عدالتیں ان جرائم پر اکسانے والے،منصوبہ سازاور مساجد سے اعلانات کرنے والوں کو سزائیں دیں۔

یہ بھی پڑھیں

آصف زرداری

کسی صورت زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دوں گا۔ صدر آصف زرداری

کراچی (پاک صحافت) صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ کسی صورت زمینوں پر قبضے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے