اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدر ی نے کہاہے کہ پی ڈی ایم اپنی پالیسیوں میں ناکام ہو گئی ہے۔ پی ڈی ایم نیا چورن بازار میں لائے۔ مولانا فضل الرحمان جیسے پرانے گھاکوں نے غیرذمہ دارانہ گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مکمل پٹ گئی ہے، ان کا چورن نہیں بکا لہذا وہ کوئی نیا چورنا بازار میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری تو نئے مہمان ہیں، مولانا فضل الرحمان جیسے پرانے گھاگ نے غیرذمہ دارانہ گفتگو کی، اس سے لگتا ہے ہوش کی بجائے جوش پر حکمت عملی بنائی گئی جو بری طرح پٹ گئی۔
مزید پڑھیں: حکومتی وزراء کو پی ڈی ایم کیخلاف سازش میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا: بلاول بھٹو
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم سیاست کر کے عوام کی جان سے کھیل رہی ہے،پی ڈی ایم ایسے وقت میں جلسہ منعقد کررہی جب کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے ۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم رہنما وہی ہیں جو پہلے سخت لاک ڈاؤن چاہتے تھے اور مجھ پر تنقید کرتے تھے ،اب وہی پی ڈی ایم رہنما لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم رہنما عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں کی صحت پر سیاست کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پی ڈی ایم ایسے وقت میں جلسہ منعقد کررہی ہے جب کوروناوائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔