اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کی پوری کوشش ہے کہ مہنگائی کے جن کو کسی طرح بوتل میں بند کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت آئی تو دو ٹارگٹس تھے پچھلی حکومت کی بدترین کارکردگی کی بناء پر ملک دیوالیہ ہونے والا تھا لیکن اتحادی حکومت کی کاوشوں سے ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہے۔ مہنگائی کم کرنے کیلئے ہماری کوشش دن رات جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ بجٹ میں تاجروں پر فکسڈ ٹیکس لگایا گیا، فکسڈ ٹیکس کے نتیجے میں چھوٹے تاجروں کو بھی اس کا بوجھ اٹھانا پڑا جبکہ اس معاملے پر کمیٹی قائم کر دی ہے جو ذمہ داران کا تعین کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو اس معاملے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ تاجروں پر 3 ہزار، 6 ہزار اور 10 ہزار کا فکس ٹیکس ختم کیا جاچکا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوا، اس ٹیکس کے خاتمے سے 42 ارب روپے کا بوجھ حکومت پر پڑے گا۔