اسلام آباد (پاک صحافت) چین سے کووڈ 19 ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں آنے کے بعد ملک بھر میں آج سے ویکسینیشن کا عمل شروع ہونےجا رہا ہے اس سلسلے میں وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ آج کورونا وائرس ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج وزیر اعظم کی موجودگی میں کورونا وائرس ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: چین سے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی
انہوں نے کہا کہ انشاء اللّٰہ کل تمام صوبائی دارالحکومتوں میں قومی کورونا وائرس ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو جائے گا۔وفاقی وزیر اسد عمر نے مزید کہا کہ پہلے ویکسین فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی۔
یاد رہے کہ چینی کمپنی کین سائنو نے پاکستان سمیت 5 ممالک میں اپنا کلینکل ٹرائل مکمل کرلیا اور بین الاقوامی ڈیولمپنٹ نگراں کمیٹی (آئی ڈی ایم سی) کو اس کے افادیت کی شرح کے باضابطہ اعلان کے لیے بھیج دیا گیا۔واضح رہے کہ نورخارن ایئربیس پر ایک تقریب میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی سفیر نانک رانگ سے سائنو فارم کی ویکسین کی 5 لاکھ خوراکوں کی کھیپ وصول کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، سیکریٹری خارجہ سہویل محمود، سیکریٹری صحت عامر اشرف خواجہ اور قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ صوبوں کو ویکسین منگل کو روانہ کی جائے گی اور امید ہے کہ جلد اس کے لگنے کا عمل شروع ہوجائے گا۔