تہران (پاک صحافت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تہران میں ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔ جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، پاکستان ایران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاوَن بڑھانے کیلئے پر عزم ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کا فائدہ پورے خطے کو یکساں طور پر ہو گا، افغانستان میں قیام امن سے خطے میں تجارت اور روابط کے فروغ میں مدد ملے گی۔ ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔