لاہور (پاک صحافت) وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین بجلی کے بلوں کے ریلیف پر سیاست کررہے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بجلی کے بلوں پر ٹارگٹڈ سبسڈی ہے، اس پر آئی ایم ایف کو اعتراض نہیں ہوتا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اگر آئی ایم ایف کو کوئی اعتراض ہے تو اس پر بات ہوسکتی ہے، بجلی کے بلوں پر 2 ماہ کا عارضی ریلیف دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام تیاری کے بعد پروگرام کا اعلان کرتی ہے، پنجاب حکومت ایسا نہیں کرتی کہ پروگرام کا اعلان کر دے اور یہ معلوم نہ ہو کہ پیسے کہاں سے آئیں گے، ترقیاتی بجٹ سے کٹوتی نہیں ہو گی، کٹوتی ہمارے اخراجات سے ہو گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ چند علاقوں میں سیلابی ریلوں سے فصلوں کا نقصان ہوا ہے، پنجاب کے سیلابی علاقوں میں صحت کے حوالے سے ایمرجنسی صورتِ حال نہیں ہے۔ وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ سیلابی علاقوں میں محکمۂ صحت کام کر رہا ہے، پنجاب میں ڈینگی کنٹرول میں ہے، سندھ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب حکومت ماحولیات پر بہت کام کررہی ہے، فصلیں جلانے پر لوگوں کو گرفتار کیا گیا، بھٹوں کے خلاف کارروائی ہوئی۔ عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ آئندہ 2 تین سال میں پنجاب سے اسموگ کا خاتمہ یا کمی کر دی جائے گی۔