کراچی (پاک صحافت) مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ ربیع الاول کا مہینہ عالم اسلام کیلئے باعث رحمت و برکت ہے، اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ امن و محبت کا درس ملتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت باغ ابن قاسم میں ربیع الاول کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور مشائخ عظام نے ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ عالم اسلام کے لیے باعث رحمت و برکت ہے، کراچی کے طول و عرض میں ربیع الاول کے دوران نبی آخرالزماں صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سے محبت اور عقیدت کا عملی اظہار کیا جاتا ہے۔ مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ علماء کرام اور ربیع الاول کے جلوسوں کے منتظمین کی مشاورت اور رہنمائی سے انتظامات کیے جائیں گے۔