لودھراں (پاک صحافت) جہانگیرترین نے اپنے حمایتی اسمبلی اراکین کے لئے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال وہ کسی بھی طرح کی بیان بازی سے گریز کریں۔
تفصیلات کے مطابق جہانگیرترین کے حمایت یافتہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان کی خدمات کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے۔ اس خط میں عمران خان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسمبلی اراکین سے ملاقات کے لئے وقت دیں تاکہ اس حوالے سے تفصیلی بات چیت ہو۔
ذرائع کے مطابق اب جہانگیرترین نے اپنے حمایت یافتہ رہنماوں اور اراکین اسمبلی کو کسی بھی بیان بازی سے پرہیز کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس بات کا امکان ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات میں معاملات ٹھیک ہوجائیں جبکہ بیان بازی سے معاملات مزید بگڑنے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی کثیر تعداد اس وقت جہانگیرترین کے ساتھ کھڑی ہے۔