کوئٹہ(پاک صحافت) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کو ناکام بنائیں گے ،ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم پر بہت دکھ اور افسوس ہے، ہم ہزارہ برادری کی سیکیورٹی کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کی نسل کشی کی جارہی ہے، میں نے اپنے بیان میں ہزارہ برادری سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنے پیاروں کو دفنا دیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا افغانستان سےدہشتگردوں کیخلاف کارروائی کامطالبہ
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے، کچھ دہشتگرد گروپوں اور داعش کا اتحاد ہوچکا ہے، داعش کو بھارت کی سپورٹ حاصل ہے۔عمران خان نے کہا کہ افغان جہاد ختم ہونے کے بعد عسکری گروہوں نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مارچ میں ہی کابینہ کو بھارت کی پاکستان میں فرقہ وارانہ تصادم کی کوششوں سے آگاہ کردیا تھا، بھارت نے پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کروانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بیان میں ہزارہ برادری سے درخواست کی تھی وہ اپنے پیاروں کو دفنا دیں، سیکیورٹی اداروں نے کئی گروہوں کو دہشتگردی سے پہلے ہی کارروائیوں میں گرفتار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کے ایک ریمورٹ ایریا میں یہ افسوسناک واقعہ ہوا، بلوچستان کی آبادی پنجاب کے فیصل آباد ڈویژن کی آبادی جتنی ہے، کم آبادی اور ووٹوں کی وجہ سے ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان پر توجہ نہیں دی، ہماری حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں مولانا عادل کا قتل بھی فرقہ وارانہ تصادم کو ہوا دینے کی کوشش تھی، ہمارے اداروں نے مسلکی تصادم کو روکنے کے لیے بہترین کام کیا۔عمران خان نے کہا کہ ہماری ایجنسیوں نے بھارتی عزائم کو ناکام بنایا، ہمارے خفیہ ادارے اور فوج بہترین ادارے ہیں۔