اسلام آباد (پاک صحافت) شیری رحمان کا کہنا ہے کہ بجلی بلوں میں اضافے پر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہوئے معاہدے پر کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں۔ آئی ایم ایف معاہدے پر موجودہ حکومت کو بھی بات کرنی چاہیے۔
شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی بلوں میں جو بھی ایڈیشنل چارجز لگے ہیں وہ کمر توڑ رہے ہیں، بجلی کے بل لوگوں کی پہنچ سے باہر ہیں۔ خطے میں بجلی کے سب سے زیادہ چارجز پاکستان میں ہیں، عوامی مسائل کو پیچھے نہیں رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے خوشگوار ماحول میں میٹنگ ہوئی، ہم نے تمام تحفظات سامنے رکھے۔ آئین میں ترجیح حلقہ بندیاں نہیں بلکہ 90 دن کی مدت ہے، ہماری کوشش ہے جلد سے جلد الیکشن ہوں منتخب حکومت آئے جو عوامی مسائل حل کرے۔