این آر او کے عمل سے سب سے زیادہ خوفزدہ  عمران خان ہیں

این آر او کے عمل سے سب سے زیادہ خوفزدہ  عمران خان ہیں: سلیم صافی

اسلام آباد (پاک صحافت) سینئر صحافی و کالم نگار سلیم صافی کا کہنا ہے کہ این آر او یا نیشنل ری کنسیلیشن آرڈیننس کا سب سے زیادہ خطرہ عمران خان کو ہے اوروہ  اس سلسلہ میں خوفزدہ ہیں ، اپوزیشن کو این آر او مل جانے کی صورت میں ان کی چھٹی ہو جائے گی۔

سلیم صافی کا کہنا ہے کہ اب صورتحال یہ ہے کہ این آر او پاکستانی سیاست اور صحافت میں باقاعدہ اصطلاح کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کا سادہ الفاظ میں مطلب یہ ہے کہ مقتدر اداروں کی طرف سے کسی فرد یا جماعت کی غلط کاریوں اور جرم کو معاف رکھا جائے یا اُن سے صرفِ نظر کیا جائے اور ملزم ہونے کے باوجود ریاستی ادارے اُن کو سیاست میں آگے بڑھنے کا موقع دیں۔

مزید پڑھیں: عمران نے بھارت اور اسرائیل سے مالی اعانت وصول کی: مریم

انہوں نے کہا کہ اِن دنوں عمران خان صاحب اور اُن کے ترجمان تکرار کے ساتھ این آر او کا ذکر کررہے ہیں اور یہ الزام لگا رہے ہیں کہ اپوزیشن اُن سے این آر او چاہتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اتنی بے وقوف نہیں کہ وہ اُس شخص سے این آر او مانگیں جن کے پاس اُسے دینے کی صلاحیت ہے نہ اختیار۔

یقیناً پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی نمبر ون ترجیح یہی ہے لیکن عمران خان کس قانون کے تحت اُن کے کیسز ختم کر سکتے ہیں؟ درحقیقت اِس وقت عمران خان شوکت عزیز اور چوہدری شجاعت کی جگہ بیٹھے ہیں اور اُن دونوں کو نہ صرف این آر او سے شدید تکلیف تھی بلکہ اُس کے نتیجے میں اُن کی چھٹی بھی ہو گئی۔

سلیم صافی کا کہنا ہے کہ خود عمران خان کو بھی معلوم ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو این آر او مل جانے کی صورت میں اُن کی چھٹی ہو جائے گی، اس لیے جب کبھی مقتدر اداروں اور اپوزیشن کے رابطے شروع ہو جاتے ہیں تو وہ این آر او، این آر او کا ورد شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان میں نئے این آر او کے عمل سے اگر کوئی شخص سب سے زیادہ خوفزدہ ہے تو وہ خود عمران خان ہیں۔

پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس سے متعلق سلیم صافی نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق فنڈز خرچ کرنے میں بھی بڑی گڑبڑ ہوئی ہے کیونکہ اکبر ایس بابر جس دور کا ذکر کررہے ہیں، اس دور میں پی ٹی آئی کے کئی رہنمائوں نے بنی گالہ کے ارد گرد جائیدادیں خریدی ہیں اور زیادہ تر وہی تھے جن کا مالیات سے کوئی واسطہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں

سی پیک معاہدوں کی راہ میں حائل رکاوٹ برداشت نہیں۔ احسن اقبال

اسلام آباد (پاک صحافت) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سی پیک معاہدوں کی راہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے