اسلا م آباد (پاک صحافت) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )نے کورونا وائرس کے پیش نظر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ این سی او سی کی نئی پابندیوں کے اطلاق کے بعد بچے صرف تین دن اسکول جائیں گے۔ این سی او سی کے مطابق نئی پابندیوں کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکا اہم اجلاس ہوا،جس میں کورونا سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ این سی او سی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 12 سال سے کم عمر اسٹوڈنٹس صرف 3 دن اسکول آئینگے۔ این سی او سی کے مطابق پابندیوں کا اطلاق 20 سے 31 جنوری تک ہوگا۔
واضح رہے کہ این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے اسٹوڈنٹس کی مکمل حاضری اور ان کی ویکسی نیشن بھی لازمی قرار دے دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی ان نئی پابندیوں کے فیصلوں پر نظر ثانی 27 جنوری کو کرے گی۔