مظفرآباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں بعض شرپسندوں نے صورت حال بگاڑ نے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں آزادکشمیر کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ گزشتہ دنوں کے واقعات بہتر طور پر حل ہوئے۔ آزاد کشمیر کے لوگوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ریاست کے عوام اپنے قومی مفاد کو بہتر طریقے سے جانتے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر بھرپور آواز اٹھائی گئی، ایران کے صدر سے بھی مسئلہ کشمیر پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے مظاہروں کے دوران شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو امدادی پیکج دینے کا اعلان بھی کیا، اجلاس میں گزشتہ دنوں جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اس سے قبل ایک روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے شہباز شریف کا استقبال کیا تھا۔