کابل (پاک صحافت) افغانستان میں اطالوی سفارت خانے کی گاڑی کے قریب دھماکے نتیجے میں سفارت خانے کے 5 اہلکار شدید زخمی جبکہ گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل میں اٹلی کی سفارت خانے کی گاڑی ملازمین کو لیکر مرکزی شاہراہ سے جارہی تھی کہ اچانک زوردار دھماکا ہوگیا، دھماکے میں گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور سفارت خانے کے 5 افغان اہلکار شدید زخمی ہوگئے، دھماکے کے وقت قریب ہی سے وزارت تجارت و معیشت کی گاڑی بھی گزر رہی تھی جسے معمولی نقصان پہنچا ہے تاہم گاڑی میں موجود تمام افراد محفوظ رہے۔
کابل پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ جیسے ہی گاڑی دفتر سے مرکزی شاہراہ پر آئی، بارودی سرنگ کا دھماکا کیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم کابل میں چند ماہ سے داعش نے پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے۔
دوسری جانب نئی امریکی انتظامیہ کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں طالبان کے ساتھ طے پانے والے امن معاہدے پر نظرِ ثانی کے اعلان کا کئی افغان رہنماؤں نے خیر مقدم کیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے اپنے افغان ہم منصب حمداللہ محب سے جمعے کو گفتگو کے دوران کہا تھا کہ امریکہ، طالبان کے ساتھ امن معاہدے کا دوبارہ جائزہ لے گا۔
امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایملی ہارن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ واشنگٹن اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ آیا طالبان نے معاہدے کے دوران کرائی جانے والی یقین دہانیوں پر عمل کرتے ہوئے دہشت گرد گروپوں سے روابط ختم کیے ہیں یا نہیں۔